ناندیڑ: ۳؍مارچ (اعتمادنیوز)لڑکی کے ماں باپ کو رقم دے کر ۱۶؍سالہ لڑکی کی
شادی گجرات میں ایک آدمی سے کرکے دینے کے معاملے میں لڑکی کے ماں باپ سمیت
۱۰؍افراد کے خلاف پولس نے مقدمہ درج کیا ہے ۔ پولس پریس نوٹ کے مطابق
ناندیڑ شہر کے تہرا نگر علاقہ کی رہنے والی ۱۶؍سالہ لڑکی کے ماں باپ نے
اپنی ہی لڑکی کو رقم کے عوض میں جبراً اُس کی مرضی کے خلاف ہی شادی کردی ۔
بتایا گیا کہ ۱۶؍سالہ لڑکی کی شادی لکھترجوڈیا ضلع جامنیر گجرات کے رہنے
والے ستیش پٹیل کے
ساتھ گزشتہ نومبر میں کی گئی ۔ شادی کے عوض میں لڑکی کے
باپ منوہر واؤڑے اور ماں انیتا کو گجراتی لوگوں نے کچھ رقم دی تھی ۔ کمسن
لڑکی کی شادی رچانے کے معاملے میں ہیم راج پٹیل ، پرشانت پٹیل ، مکتابائی
پٹیل ، ویشالی کاڑے ، سنگیتا سجگنے ، راجو واگھ، بھارتی بائی واگھ ، ملوث
تھے ۔ بھاگیہ نگر پولس اسٹیشن کی پی ایس آئی امریتا بور چاٹے کی شکایت پر
شیواجی نگر پولس اسٹیشن میں لڑکی کے ماں باپ سمیت مذکورہ افراد کے خلاف
مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔